ولی محمد کینال میں پانی نہ ملنے پر کسانوں کا احتجاج
ولی محمد کینال میں پانی نہ ملنے پر کسانوں کا احتجاجکسانوں نے روڈ بلاک کردی، انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم
سکندرآباد (نامہ نگار ) بستی داد میں ولی محمد کینال میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف سینکڑوں کسانوں نے شوکت خان جوئیہ، راجہ محمد طارق اور اظہر خان جوئیہ کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے شجاع آباد، لودھراں روڈ بلاک کردی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال سے ولی محمد کینال میں پانی نہ آنے کے باعث تقریباً 15 ہزار ایکڑ زرعی رقبہ بنجر ہونے کا خدشہ ہے ، جبکہ علاقے میں زیرِ زمین پانی کھارا ہونے کے باعث فصلوں کی کاشت بھی شدید متاثر ہورہی ہے ۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند اور ڈی ایس پی ضیاء اللہ خان موقع پر پہنچ گئے اور احتجاجی کسانوں سے مذاکرات کیے ۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کسانوں کے مسائل سنے اور نہر میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انتظامیہ کی جانب سے 15 روز میں ولی محمد کینال میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی یقین دہانی پر کسانوں نے احتجاج ختم کردیا اور پُرامن طور پر منتشر ہوگئے ، جس کے بعد ٹریفک اور معمولاتِ زندگی بحال ہوگئے ۔ بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثناء رام چند نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران کو اپنے دفتر طلب کیا اور ایس ڈی او ایریگیشن و سب انجینئر ایریگیشن کو ہدایت کی کہ ولی محمد کینال کی صفائی کا عمل فوری طور پر تیز کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments