ڈیزل پر 150 روپے لٹر تک سبسڈی دی جائے ،خالد خاکوانی
مہنگی کھاد، بیج، سپرے اور ڈیزل نے کاشتکاروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا
ملتان (کرائم رپورٹر)مسلم لیگ کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر خالد خان خاکوانی نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں، حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دینے کی طرح کاشتکاروں کو بھی ڈیزل پر 150 روپے لٹر تک سبسڈی دے تاکہ وہ اپنی فصلیں بروقت تیار کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی، کھاد، ڈیزل، سپرے اور بیج مہنگے ہونے کے باعث کسان فصل تیار کرنے کیلئے مہنگے داموں زرعی مداخل خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ فصل تیار ہونے پر حکومت کی جانب سے کم نرخ مقرر کئے جاتے ہیں جس سے کاشتکاروں کا استحصال ہوتا ہے ۔ دوسری جانب محکمہ زراعت کے نمائندے پیداوار بہتر بنانے کیلئے کسانوں کو عملی رہنمائی فراہم کرنے کے بجائے دفاتر تک محدود ہیں۔خالد خاکوانی نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے باعث کسان شدید مشکلات سے دوچار ہیں، کھاد، بیج، سپرے اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے ان کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ بہت سے کاشتکار فصلوں کی تیاری کیلئے سود پر رقم لینے پر مجبور ہیں، جبکہ حکومتی پالیسیوں نے بھی مسائل میں اضافہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے ، مگر کسان کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے بچوں کو بہتر تعلیم سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کسانوں کو ڈیزل پر فی لٹر 150 روپے تک سبسڈی دینے کی پالیسی کا اعلان کرے تاکہ زرعی شعبے کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments