مظفرگڑھ صرافہ بازار میں پولیس کی کارروائی، تاجروں کا احتجاج
مظفرگڑھ صرافہ بازار میں پولیس کی کارروائی، تاجروں کا احتجاج جیولر کی گرفتاری پر ہاتھا پائی، سب انسپکٹر دکان میں بند ، مذاکرات کے بعد احتجاج ختم
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)صرافہ بازار مظفرگڑھ میں ملتان پولیس کی کارروائی کے دوران جیولرز اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا۔ دکانداروں نے ملتان پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو پکڑ کر دکان میں بند کر دیا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ سول لائنز انسپکٹر نور خان پولیس اور ایلیٹ فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور سب انسپکٹر کو بازیاب کرایا۔ جیولر عمیر کی گرفتاری کے خلاف تاجروں نے ملتان روڈ بند کرکے احتجاج کیا، تاہم مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق 8 اکتوبر کو ملتان کے علاقے وقاص ٹاؤن میں ایک گھر سے 100 تولے سونا اور 80 لاکھ روپے چوری ہوئے تھے ۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر ملتان میں درج کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے مبینہ طور پر مظفرگڑھ کے ایک جیولر کے پاس سونا فروخت کرنے کی نشاندہی کی، جس پر ملتان پولیس چوری شدہ سونے کی برآمدگی کے لیے صرافہ بازار پہنچی اور عمیر نامی جیولر کو گرفتار کر لیا۔دوسری جانب تاجروں نے الزام لگایا کہ کارروائی کے دوران پولیس وردی میں ملبوس ایک سب انسپکٹر اور سادہ لباس میں موجود مسلح افراد نے دکان میں توڑ پھوڑ کی، سیف سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور 25 لاکھ روپے نکال لیے اور عمیر کو حراست میں لے لیا۔ تاجروں کے مطابق دکان کے سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈی وی آر بھی توڑ دیے گئے ۔تاجروں نے کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے گرفتار جیولر کی رہائی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارروائی سے قبل مقامی پولیس کو اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ بعد ازاں ایم پی اے اجمل خان چانڈیہ اور پولیس افسران نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments