جعلی و نان کسٹم پیڈ سگریٹ کے 1 لاکھ 15ہزار پیکٹس برآمد
ملتان (کرائم رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان ڈویژن نے خانیوال میں جعلی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً ایک لاکھ 15 ہزار پیکٹس برآمد کرلیے۔
جن کی مالیت تقریباً اڑھائی کروڑ روپے بتائی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان ڈویژن افتخار احمد بھلی کی ہدایت پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر خانیوال نوید نسیم چودھری نے ایکسائز انسپکٹر اسد علوی اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ اصطبل چوک اور شام کوٹ میں واقع گوداموں پر چھاپے مارے ۔ دو روز تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران گوداموں سے بھاری مقدار میں جعلی برانڈز اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ برآمد کرکے قبضے میں لے لیے گئے ۔حکام کے مطابق ضبط شدہ سگریٹ مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف بی آر خانیوال کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی غیر قانونی سرگرمیاں قومی خزانے کو ٹیکس کی مد میں بھاری نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان ڈویژن افتخار احمد بھلی نے کامیاب کارروائی پر ایکسائز آفیسر نوید نسیم چودھری اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ٹیکس چوری کی روک تھام اور قومی خزانے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments