روس بھجوانے کے نام پر 26 لاکھ 77 ہزار روپے کا فراڈ

روس بھجوانے کے نام پر 26 لاکھ 77 ہزار روپے کا فراڈ

رقم واپس نہ ملنے پر نوجوان کا اقدام خودکشی ،ایجنٹ پر جعلی سٹڈی ویزا دینے کا الزام

بورے والا (نمائندہ دنیا)روس بھجوانے کے نام پر 26 لاکھ 77 ہزار روپے کے مبینہ فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ۔ رقم واپس نہ ملنے اور بھاری قرض کے باعث متاثرہ نوجوان علی عباس نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی۔تفصیلات کے مطابق بورے والا کے نواحی علاقے 401 ای بی کے رہائشی علی عباس کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ غازی آباد کے رہائشی طلعت حسین نامی ایجنٹ نے نوجوان کو روزگار کے لیے روس بھجوانے کا وعدہ کرکے مختلف اوقات میں 26 لاکھ 77 ہزار روپے وصول کیے ۔ اہلخانہ کے مطابق ایجنٹ نے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات پر مشتمل روس کا اسٹڈی ویزا بھی فراہم کیا۔

علی عباس جب بیرون ملک روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچا تو مبینہ دستاویزات کی بنیاد پر اسے آف لوڈ کر دیا گیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ نوجوان اور اس کے والد نے بہتر مستقبل کی امید میں مختلف افراد سے قرض لے کر رقم ادا کی تھی۔ مبینہ فراڈ سامنے آنے اور قرض کے بوجھ کے باعث نوجوان شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا اور اس نے خودکشی کی کوشش کی۔متاثرہ نوجوان کے والد بشیر احمد نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور متعلقہ تحقیقاتی ادارے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کی جائیں اور مبینہ فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...