شہریوں کے تحفظ کیلئے موثراقدامات یقینی بنائیں،پولیس چیف
بہترین کارکردگی دکھانے والوں کے لیے شاہین آف دی منتھ کا اعزاز کا اعلان آزاد خان نے ضلع ملیر ہیڈکوارٹر کا دورہ ،زمان شہید پولیس چوکی کا بھی افتتاح
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ضلع ملیر ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر بھی موجود تھے ۔ایس ایس پی ملیر نے شاہین فورس کی تعیناتی، کارکردگی، گشت اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا۔شاہین فورس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پولیس چیف نے کہا کہ شاہین فورس اسٹریٹ کرائم کے خلاف کراچی پولیس کی فرنٹ لائن فورس ہے ، جوان اپنی فٹنس، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھتے ہوئے ایس او پیز پر عمل کریں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری و مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ماہ ’’شاہین آف دی منتھ‘‘ کا اعزاز اور انعام دیا جائے گا۔بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ کے ہمراہ ضلع شرقی میں تھانہ سہراب گوٹھ نزد جمالی پل، سہراب گوٹھ بلڈرز کمیونٹی کے تعاون سے قائم زمان شہید پولیس چوکی کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس چوکی کے قیام سے جرائم کی روک تھام میں بہتری آئے گی، شاہین فورس کی مؤثر تعیناتی اور گشت کے ذریعے ان مقامات پر بھی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا جہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے باعث پولیس موبائل کی رسائی مشکل ہوتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments