حکمرانوں نے ملک کو گروی رکھ دیا، آفاق احمد
آئی ایم ایف سے نجات کیلئے پی پی ،ن لیگ سے چھٹکارا ضروری ہے انتخابات میں انجینئرنگ نہ کی جائے ، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ مکار حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے ، آئی ایم ایف سے نجات اور آزادی کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سے نجات ضروری ہے ۔ مرکزی اور ضلعی عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ پاکستان حکمرانوں کے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھ رہا ہے ، جس سے نہ صرف مہاجر قوم بلکہ ملک بھر کے مظلوم عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے قرض لیتے ہیں اور پھر اس پر سود ادا کرنے کے لیے مزید قرض لیتے ہیں، ان کے عوام دشمن فیصلوں کے باعث پاکستان میں پیدا ہونے والا بچہ بھی مقروض پیدا ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم دیگر قومیتوں کے مقابلے میں زیادہ متاثر ہے ، اسے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سے نجات کی جدوجہد میں دیگر قومیتوں کی قیادت کرنی ہوگی۔ آفاق احمد نے کہا کہ غیر مرئی قوتیں انتخابات میں انجینئرنگ نہ کرنے کا فیصلہ کریں اور احتساب کے لیے عوام کو ووٹ کا ہتھیار استعمال کرنے دیں، عوام اپنے ووٹوں سے کرپٹ جماعتوں کی بساط لپیٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہی ملک کی کھوئی ہوئی ساکھ کی بحالی اور استحکام کا واحد راستہ ہے ۔ انہوں نے تمام تنظیمی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ حالات پر نظر رکھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments