فش ہاربر میں داخلے کے لیے رجسٹریشن اور شناختی کارڈ لازمی قرار دینے کا فیصلہ

فش ہاربر میں داخلے کے لیے رجسٹریشن اور شناختی کارڈ لازمی قرار دینے کا فیصلہ

پولیس اسٹیشن کے قیام کا حکم،سکیورٹی سخت، نگرانی کے جدید نظام اور زیرالتوا ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت، قبضے ختم کرائے جائیں،وزیراعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی فش ہاربر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے ، سکیورٹی مؤثر کرنے اور انتظامی نظام جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے داخل ہونے والے تمام افراد کی لازمی رجسٹریشن، شناخت کی تصدیق اور پولیس کی نفری بڑھانے کی ہدایت کردی ہے ۔ انہوں نے فش ہاربر میں مخصوص پولیس اسٹیشن قائم کرنے ، نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی نظام اور سکیورٹی کنٹرول روم جلد مکمل کرنے اور سڑکوں سے غیرقانونی قبضے ختم کرانے کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کراچی فش ہاربر کے مسائل سے متعلق اجلاس میں وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، وزیر ماہی گیری محمد علی ملکانی، مشیر برائے کوآپریٹو اینڈ سوسائٹیز احسن مزاری، چیئرپرسن فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی فاطمہ مجید، سیکریٹری فشریز اینڈ لائیو اسٹاک کاظم جتوئی، سیکریٹری کوآپریٹوز قمر رضا بلوچ، منیجنگ ڈائریکٹر کراچی ففش ہاربر اتھارٹی ریاض علی میتلو، منیجر فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی ایاز علی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی فش ہاربر میں ٹریفک کا دباؤ اور غیرمنظم تجارتی سرگرمیاں امن و امان کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ فش ہاربر میں داخل ہونے والے تمام افراد کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے ،

رجسٹریشن قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ہاربر استعمال کرنے والوں کے لیے ریڈیو فریکوئنسی شناختی نظام پر مبنی کارڈ متعارف کرائے جائیں۔ شناختی معلومات کی نادرا کے ذریعے تصدیق کی جائے اور فش ہاربر کا ڈیجیٹل نظام آن لائن موبائل ایپلی کیشن اور جرائم کے ریکارڈ کے نظام سے منسلک کیا جائے ۔ انہوں نے پولیس اور فش ہاربر انتظامیہ کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فش ہاربر کو حساس تنصیب قرار دیا گیا ہے ، اس لیے وہاں سکیورٹی انتظامات مؤثر بنانے اور تجارتی سرگرمیوں کے تنازعات کی روک تھام کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو محکمہ ماہی گیری سے مشاورت کرکے مخصوص پولیس اسٹیشن کے قیام پر پیش رفت کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے سڑکوں اور داخلی راستوں کو رکاوٹوں سے پاک رکھنے ، مچھلی اتارنے اور نیلامی کے لیے مقررہ مقامات کے استعمال کو یقینی بنانے اور برف کے تاجروں کی جانب سے سڑکوں پر جگہ گھیرنے کا مسئلہ حل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کی جانب سے کے ۔6 میں نئی نیلامی گاہ قائم کرنے اور مچھلی فروشوں کے لیے مخصوص جگہ مختص کرنے کی تجاویز کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی، تاکہ تاجروں کو مناسب جگہ ملے اور سڑکوں پر کاروباری سرگرمیوں کے باعث پیدا ہونے والے تنازعات ختم کیے جاسکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...