وہاڑی میں چوری اور موبائل چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ

وہاڑی میں چوری اور موبائل چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ

گھروں، سکولوں، ٹیوب ویلوں پر وارداتیں،چک 289 ای بی سے بکریاں چوری

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)وہاڑی اور گردونواح میں چوری اور موبائل فون چھیننے کی مبینہ وارداتوں میں اضافے سے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ نامعلوم ملزمان گھروں، سرکاری سکولوں، ٹیوب ویلوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنانے لگے ہیں، جبکہ نواحی گاؤں چک نمبر 289 ای بی سے ایک دیہاتی کی پانچ بکریاں بھی چوری کر لی گئیں۔ شہریوں نے پولیس حکام سے جرائم کی روک تھام اور مسروقہ سامان کی برآمدگی کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں شاہ زیب سے دو نامعلوم افراد 38 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ۔ گورنمنٹ سکول چک نمبر 445 ای بی سے پنکھے اور حاضری رجسٹر چوری کر لیے گئے ۔تھانہ فتح شاہ کی حدود میں محمد رمضان کے مطابق نامعلوم چور دو لاکھ روپے مالیت کا ٹرانسفارمر لے گئے۔

جبکہ شاہد اقبال کے ٹیوب ویل سے بجلی کی تاریں چوری کر لی گئیں۔ تھانہ صدر کی حدود میں عمر دراز کے رقبے سے کمرے کی کھڑکی، ریڑھی اور دیگر سامان چوری ہونے کی اطلاع ہے ۔ اسی علاقے میں احتشام حنیف کا موبائل فون بھی چوری ہو گیا۔ تھانہ شیخ فاضل کی حدود میں راشد علی کی 35 ہزار روپے نقدی چوری ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔دوسری جانب چک نمبر 289 ای بی میں اکبر ولد برکت علی وٹو کی پانچ بکریاں رات کے وقت مبینہ طور پر باڑ توڑ کر چوری کر لی گئیں۔ متاثرہ شخص کے مطابق اس نے فوری طور پر 15 پر کال کی، تاہم پولیس تین گھنٹے بعد موقع پر پہنچی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...