سرسبز ماحول کیلئے شجرکاری کی ترغیب ضروری،زبیر اقبال
مالی اخراجات کم ،دستیاب وسائل کا موثر استعمال یقینی بنائینگے ،وی سی بی زیڈیو
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تعلیمی معیار کی بہتری، ماحولیاتی تحفظ، نئے تعلیمی پروگرامز اور مالی استحکام کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں وائس چانسلر کی تجویز پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں سرسبز اور صاف ماحول کے فروغ کے لئے طلبہ کو شجرکاری کی ترغیب دی جائے گی۔ اس مقصد کے لئے سوکس اینڈ کمیونٹی انگیجمنٹ کے مضمون میں ان طلبہ کو دو اضافی سیشنل نمبر دیئے جائیں گے جو یونیورسٹی میں پودا لگانے کے ساتھ اس کی باقاعدہ نگہداشت بھی کریں گے۔
اکیڈمک کونسل نے غیر فعال اور کم کارکردگی والے شعبہ جات کو ضم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ ایسے شعبہ جات کے اساتذہ اور دیگر عملے کو متعلقہ شعبوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ وائس چانسلر کے مطابق اس اقدام کا مقصد یونیورسٹی کے مالی اخراجات کم کرنا اور دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے ۔اجلاس میں تدریسی معیار بہتر بنانے اور امتحانی نظام میں شفافیت کے لئے ڈیجیٹل ایگزامینیشن سسٹم متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ ایک ہی مضمون کے متعدد پرچے تیار کئے جائیں گے تاکہ امتحانی عمل کو زیادہ شفاف اور قابل اعتماد بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments