مزید صوبوں کے قیام سے سیاسی تقسیم بڑھے گی، نتاشہ دولتانہ
سیاسی واقعات بڑھتی بین الصوبائی سیاسی دشمنی کی عکاسی کرتے ہیں، بیان
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی نتاشا دولتانہ نے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک میں پہلے ہی چار صوبوں کے درمیان بین الصوبائی سیاسی کشیدگی کے آثار موجود ہیں، ایسے حالات میں مزید انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام سے سیاسی تقسیم میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔اپنے بیان میں نتاشا دولتانہ نے کہا کہ حالیہ سیاسی واقعات اس بڑھتی ہوئی ‘‘بین الصوبائی سیاسی دشمنی’’ کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا سندھ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا، تاہم بعد ازاں انہوں نے اسی حکومت پر شدید تنقید کی جس نے ان کی میزبانی کی، جبکہ پنجاب میں انہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے کھلی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان واقعات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ صوبائی سطح پر سیاسی اختلافات کس حد تک بڑھ رہے ہیں نتاشا دولتانہ نے کہا کہ اگر چار موجودہ صوبوں کے درمیان سیاسی اختلافات اور کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے تو نئے صوبوں یا انتظامی اکائیوں کے قیام کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ سیاسی تقسیم کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد ملک کو مزید تقسیم کرنا نہیں بلکہ انتظامی معاملات کو بہتر بنانا اور وفاق کو مضبوط کرنا ہونا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments