میپکو افسروں کیلئے لیڈرشپ ڈویلپمنٹ تربیتی ورکشاپ
بحران میں بروقت فیصلوں، ٹیم ورک ،صارفین کو بہتر سہولتیں دینے کی اہمیت اجاگر
ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکوکے شعبہ ٹریننگ و امتحانات کے زیر اہتمام مظفرگڑھ سرکل کے افسران کے لیے ایک روزہ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں مؤثر قیادت، ٹیم ورک، فیصلہ سازی اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔ہیڈ آف سدرن بزنس سکول، یو ایس پی ملتان ڈاکٹر عظیم احمد نے کہا کہ بحرانی حالات میں واضح حکمت عملی، بروقت فیصلے اور مضبوط ٹیم کی تشکیل ادارے کی کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔ افسران کو دباؤ میں ذمہ داریاں نبھانے ، مؤثر رابطے اور تمام ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت پیدا کرنا چاہیے ۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ایڈیشنل ڈائریکٹر طاہرہ اختر نے ’’بحران کے دوران قیادت‘‘کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون، مؤثر ٹیم مینجمنٹ اور درست حکمت عملی کے ذریعے مشکل حالات میں بھی ادارہ جاتی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ڈائریکٹر ٹریننگ و امتحانات میپکو سہیل عباس نے کہا کہ افسران کی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ کمپنی کی کارکردگی بہتر بنانے اور صارفین کو معیاری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو آپریشن سرکل مظفرگڑھ محمد وسیم اختر نے کہا کہ تربیتی پروگرام افسران کو بروقت فیصلے کرنے اور ٹیم ورک مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پر میپکو کے مختلف ڈویژنوں کے ایکسین، ایس ڈی اوز، آر اوز اور دیگر افسران و ملازمین بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments