انڈس ہسپتال مظفرگڑھ،10سال ، 50 لاکھ مریضوں کا علاج
اپواء ملتان اور ویمن چیمبر کے وفد کا دورہ اور مفت طبی سہولیات کا جائزہ لیا
ملتان (لیڈی رپورٹر) آل پاکستان وومن ایسوسی ایشن (اپواء) ملتان اور وومن چیمبر آف کامرس کے مشترکہ وفد نے وائس چیئرپرسن اپواء ملتان مسز فرح فیصل کی قیادت میں انڈس ہسپتال مظفرگڑھ کا دورہ کیا۔ وفد کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا گیا اور مستحق مریضوں کو مفت علاج کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وفد میں وومن چیمبر آف کامرس کی سینیئر نائب صدر فریحہ منیر، ایگزیکٹو ممبران سنیہ، صائمہ عمران اور سمیرا رحمان، اپواء ملتان کی جنرل سیکرٹری نازیہ یاسر، جوائنٹ جنرل سیکرٹری تہمینہ منیر، طاہرہ نجم، پرنسپل اپواء عابدہ اشفاق، رفعت صدف اور صحافی خواتین شیرین رانا، نیلم مقبول اور سدرہ فاروق شامل تھیں۔ہسپتال کے نمائندوں نے وفد کو طبی سہولیات اور مختلف شعبوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر کوکب نے پنک ربن مہم کے تحت بریسٹ کینسر کی علامات، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عرفان جاوید نے بتایا کہ ہسپتال میں گزشتہ دس برسوں کے دوران تقریباً 50 لاکھ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ادارے میں دل کے امراض، انجیوگرافی، ڈائیلاسز اور کینسر سمیت مختلف بیماریوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال محدود وسائل کے باوجود معیاری علاج کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ۔وائس چیئرپرسن اپواء ملتان مسز فرح فیصل نے مستحق مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا۔ وفد کے ارکان نے خواتین کی صحت، بریسٹ کینسر سے آگاہی اور بروقت طبی معائنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments