سکولوں کا ایس آئی ایس ڈیٹا دو دن میں درست کرنے کا حکم

سکولوں کا ایس آئی ایس ڈیٹا دو دن میں درست کرنے کا حکم

طلبہ کے کوائف، عملے ، خالی آسامیوں ، بنیادی سہولتوں کا ریکارڈ چیک ہوگا

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کا اسکول انفارمیشن سسٹم (ایس آئی ایس) ڈیٹا درست اور مکمل کرنے کے لیے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو 48 گھنٹوں کی حتمی مہلت دے دی ہے ۔ پہلے دی گئی ایک ہفتے کی مہلت ختم ہونے کے بعد ہدایت کی گئی ہے کہ تمام معلومات کی تصدیق اور درستگی یقینی بنائی جائے ، جبکہ غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز (سیکنڈری ایجوکیشن) پنجاب کی ہدایات کے مطابق طلبہ کے داخلوں، ذاتی کوائف اور تعلیمی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ جعلی اور دوہرے اندراجات کی تصدیق کے بعد انہیں ختم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تدریسی و غیر تدریسی عملے ، منظور شدہ اور خالی آسامیوں، سکولوں کی عمارتوں، کلاس رومز، چار دیواری اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق معلومات بھی درست کی جائیں گی۔سکولوں میں جماعتوں، سیکشنز اور طلبہ کی تقسیم سمیت ایس آئی ایس کے تمام ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی لازمی قرار دی گئی ہے ۔ تمام زیر التوا تصحیحات 48 گھنٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔تمام سی ای اوز ڈیٹا کی تصدیق اور درستگی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے ، جبکہ ضلعی تعلیمی افسران، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اور سکول سربراہان عمل درآمد یقینی بنائیں گے ۔ ریکارڈ کی درستگی اور صداقت کی ذمہ داری متعلقہ سکول سربراہان اور نگران افسران پر عائد ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...