خواتین کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنیوالے 3 ملزم گرفتار
این سی سی آئی اے کی لاہور اور فیصل آباد میں کارروائیاں، فونز سے شواہد برآمد
ملتان (کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )نے خواتین کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں، بلیک میل اور بدنام کرنے کے الزام میں تین ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزموں میں دو کا تعلق لاہور جبکہ ایک کا فیصل آباد سے ہے ۔این سی سی آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی میں ملتان کینٹ کی رہائشی خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر نجی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرنے ، اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ تک غیر قانونی رسائی اور رقم کا مطالبہ کرکے بلیک میل کرنے کے الزام میں ملزم کو لاہور کے علاقے انجینئرنگ ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے متاثرہ خاتون کے نام سے جعلی ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنا کر اس کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
دوسری کارروائی میں ملتان کی رہائشی خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز بغیر اجازت مختلف جعلی چینلز کے ذریعے شیئر کرکے اس کی ساکھ متاثر کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے انفینکس اسمارٹ 8 موبائل فون برآمد ہوا، جس میں متاثرہ خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز موجود تھیں۔تیسری کارروائی میں وہاڑی کی رہائشی خاتون کو واٹس ایپ کے ذریعے بلیک میل کرنے اور نجی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو فیصل آباد ٹول پلازہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اوپو ایف 19 موبائل فون برآمد ہوا، جس میں مبینہ بلیک میلنگ سے متعلق واٹس ایپ اکاؤنٹس اور شواہد موجود تھے ۔این سی سی آئی اے نے تینوں ملزموں کے موبائل فون قبضے میں لے کر مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments