عوامی مسئلہ اسمبلی میں اٹھانے پر امجد علی جاوید سے اظہار تشکر
بزرگ شہری کی موت اور ٹریفک پولیس کے مبینہ ناروا سلوک پر آواز اٹھائی گئی
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ )ایم پی اے ٹوبہ ٹیک سنگھ امجد علی جاوید کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں وہاڑی کے بزرگ شہری کے ساتھ ٹریفک پولیس کے مبینہ ناروا سلوک اور موٹرسائیکل بند کیے جانے کا معاملہ اٹھانے پر شہریوں نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وہاڑی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک بزرگ شہری کا موٹرسائیکل بند کرنے اور جرمانہ عائد کرنے کے بعد مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے تھانے میں اس کی موت ہوگئی تھی۔ امجد علی جاوید نے یہ معاملہ پنجاب اسمبلی میں اٹھانے کے ساتھ لاہور میں ٹریفک پولیس کے ہاتھوں پیش آنے والے ایک ایسے ہی واقعے کی بھی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ شہروں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنے کے لیے کیمرے نصب کرنا اور جدید نظام متعارف کرانا اچھا اقدام ہے ، تاہم ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے ساتھ عوامی مشکلات اور حالات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے ۔ گلی محلوں میں معمولی ضروریات کی خریداری کے لیے جانے والے شہریوں کو بھی چالانوں کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔وہاڑی کے شہریوں نے امجد علی جاوید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک اہم عوامی مسئلے کو پنجاب اسمبلی میں اٹھا کر شہریوں کی ترجمانی کی، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments