ڈی سی کا سیکرٹری بن کر ٹھیکوں کا جھانسہ، لاکھوں بٹورنے کی کوشش
ٹھیکے دلانے کا لالچ دے کر رقم طلب کرنے والے تین ملزموں کے خلاف مقدمہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر وہاڑی کا پرسنل اسسٹنٹ (پی اے ) بن کر سرکاری عمارتوں کے ٹھیکے دلانے کا جھانسہ دے کر پانچ لاکھ روپے وصول کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف تھانہ دانیوال پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چک نمبر 21 ڈبلیو بی کے رہائشی ارشد حسین نے پولیس کو بتایا کہ وہ ایک نجی کمپنی میں سول انجینئر کے طور پر کام کرتا ہے ۔ تقریباً دو ہفتے قبل حسنین سجاد سکھیرا نے خود کو ڈپٹی کمشنر کا پی اے ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع وہاڑی میں متعدد پرانی سرکاری عمارتیں گرا کر نئی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جن کے الگ الگ ٹھیکے دیے جائیں گے ۔مدعی کے مطابق وہاڑی پہنچنے پر ملزم نے اپنے ایک نامعلوم ساتھی کے ذریعے اسے مختلف پرانی عمارتیں دکھائیں۔ اگلے روز حسنین سجاد نے فون کرکے بتایا کہ اس نے ٹھیکے دلانے کے لیے خصوصی لیٹر بھی حاصل کر لیا ہے ۔ بعدازاں اس کا ساتھی شہروز چاندنی پارک کے گیٹ پر لیٹر پہنچا گیا۔ کچھ دیر بعد ملزم نے فون کرکے پانچ لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا۔ارشد حسین نے شہروز کو الائیڈ بینک لڈن روڈ کے قریب رقم لینے کے لیے بلایا اور گواہان کی موجودگی میں اسے پکڑ لیا۔ اسی دوران ایک نامعلوم ساتھی نے جھگڑا کرکے اسے چھڑانے اور موٹرسائیکل لے جانے کی کوشش کی۔ پولیس کو آتا دیکھ کر ملزمان فرار ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments