ای فو اے ایس سسٹم ،کیسز کو مقررہ وقت میں نمٹانے کی ہدایت
فزیکل فائلوں کی پراسیسنگ کو بھی آن لائن سسٹم سے منسلک کیا جائے ،کمشنر
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی نے ڈائریکٹوریٹ آف میٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ آر ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ الیکٹرانک فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کے ذریعے موصول ہونے والے کیسز کو مقررہ مدت کے اندر نمٹانے کے لیے طے شدہ ٹائم لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے ای فو اے ایس کے ذریعے موصول ہونے والے کیسز کی بروقت اور تیز رفتار پراسیسنگ اور نمٹانے کے حوالے سے پہلے سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کی تاکید کی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ فزیکل فائلوں کی نقل و حرکت اور پراسیسنگ کو بھی آن لائن سسٹم کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ رکھا جائے تاکہ شفافیت، انتظامی کارکردگی، جوابدہی اور عوام کو بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ ای فو اے ایس سسٹم کا بنیادی مقصد سرکاری امور اور کیسز کی پراسیسنگ کے لیے ایک مؤثر، شفاف اور مقررہ وقت کے اندر کام مکمل کرنے کا نظام فراہم کرنا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments