ایمرسن : ہاسٹل فیسوں پر طالبات کو مبینہ ہراساں کرنے کا انکشاف

ایمرسن : ہاسٹل فیسوں پر طالبات کو مبینہ ہراساں کرنے کا انکشاف

ڈیفالٹر طالبات کے نام دیواروں پر آویزاں، امتحانات سے روکنے کی دھمکیاں

ملتان (خصوصی رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں ہاسٹل فیسوں کی وصولی کے معاملے پر طالبات کو مبینہ ہراساں کرنے ، امتحانات میں شرکت سے روکنے کی دھمکیاں دینے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر ناموں کی فہرستیں آویزاں کرنے کی شکایات سامنے آگئی ہیں۔ متاثرہ طالبات اور والدین نے وزیراعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔شکایات کے مطابق عائشہ ہال ہاسٹل کی رہائشی طالبات سے سالانہ فیسوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ، جبکہ عدم ادائیگی پر امتحانات میں شرکت سے روکنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ شکایت کنندگان نے ہاسٹل وارڈن ڈاکٹر قرۃ العین عباس اور ڈاکٹر عنبر حمید کے رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔والدین کے مطابق تعلیمی سیشنز 2023-27، 2024-28 اور 2025-29 کی طالبات پر مشتمل مبینہ ڈیفالٹر فہرستیں ہاتھ سے تحریر کرکے دیواروں پر آویزاں کی گئی ہیں، جس سے طالبات کی عزتِ نفس اور ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات کا شکار اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کو خصوصی طور پر دباؤ کا سامنا ہے ۔شکایت میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انتظامی فیصلوں کے باعث متعدد طالبات امتحانات میں شرکت سے محروم ہو چکی ہیں، جن میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کی طالبات بھی شامل ہیں۔ والدین نے وائس چانسلر ڈاکٹر حسان خالق قریشی کی انتظامی پالیسیوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...