وہاڑی چیمبر میں واسا سہولت ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ
بلنگ کی غلطیوں، اضافی چارجز اور شکایات کے ازالے کیلئے سہولت ملے گی
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی) وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور واسا انتظامیہ کے درمیان کاروباری برادری اور گھریلو صارفین کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور بلنگ کے مسائل حل کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام واسا افسران کے دورے کے موقع پر اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سینئر نائب صدر چیمبر محمد آصف چوہدری نے کی۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ممبران محمد عثمان احمد اور خالد حسین چوہدری نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس واسا نعیم احمد تارڑ نے بریفنگ دی۔ باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے چیمبر آف کامرس کے دفتر میں واسا سہولت ڈیسک قائم کیا جائے گا۔ اس ڈیسک پر پانی اور سیوریج کے بل موصول نہ ہونے ، اضافی چارجز، صارفین کے کوائف اور بلنگ ریکارڈ میں غلطیوں سمیت دیگر شکایات کے اندراج اور حل میں معاونت فراہم کی جائے گی۔سینئر نائب صدر محمد آصف چوہدری نے کہا کہ پانی اور سیوریج کے بل مقررہ تاریخ ادائیگی سے قبل صارفین تک پہنچائے جائیں تاکہ انہیں اضافی چارجز اور غیر ضروری پریشانی سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے بلنگ نظام میں بہتری کے لیے مختلف علاقوں میں خصوصی کیمپ لگانے کی تجویز بھی دی۔
ایگزیکٹو ممبران نے شہر کے سیوریج نظام میں بہتری کے لیے واسا انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ڈائریکٹر فنانس نعیم احمد تارڑ نے واسا ایکٹ 2025ء کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوں کی درستگی یا ترمیم کے نام پر کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ شخص کو فیس ادا نہ کی جائے ۔ رقم طلب کرنے کی صورت میں فوری طور پر واسا انتظامیہ یا چیمبر سہولت ڈیسک کو اطلاع دی جائے تاکہ متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے ۔اجلاس کے اختتام پر چیمبر انتظامیہ نے کاروباری حضرات اور ممبران سے اپیل کی کہ بلنگ یا اضافی چارجز سے متعلق شکایات کے حل کے لیے سہولت ڈیسک سے رجوع کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments