گندم کی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت پر کریک ڈاؤن
پیسٹ وارننگ ٹیم نے پنسار سٹور سے المونیم فاسفائیڈ گولیاں برآمد کر لیں
جودھ پور (نمائندہ دنیا)محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کبیروالا نے گندم میں استعمال ہونے والی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک پنسار سٹور سے المونیم فاسفائیڈ کی گولیاں برآمد کر لیں۔تفصیلات کے مطابق پیسٹی سائیڈ انسپکٹر تحصیل کبیروالا رانا محمد عمر نے کارروائی کے دوران پنسار سٹور سے مذکورہ گولیاں برآمد کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیں، جبکہ سٹور مالک کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے متعلقہ تھانے میں درخواست بھی جمع کروا دی گئی ہے ۔محکمہ زراعت کے حکام کے مطابق المونیم فاسفائیڈ کی گولیاں انتہائی زہریلی ہوتی ہیں اور ان کا غیر محتاط استعمال انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ ان کی خرید و فروخت صرف مجاز اور لائسنس یافتہ ڈیلرز ہی قانون کے مطابق کر سکتے ہیں۔محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے واضح کیا ہے کہ زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments