ملتان ڈویژن میں ٹرین حادثات معمول بن گئے

ملتان ڈویژن  میں ٹرین  حادثات  معمول  بن  گئے

دو ماہ کے دوران 4حادثات، ذمہ داروں کا تعین ہوا نہ سرکاری رپورٹ منظر عام پر آسکی،مسافر ومال بردار ٹرینیں متاثر،ریلوے انتظامیہ کے حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان 13اکتوبر کو شیر شاہ کے قریب حادثے میں سات مسافر جان سے گئے ، رواں ماہ رکن پور ریلوے سٹیشن پر کوئلہ بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی،فوری نوٹس لینے کا عوامی مطالبہ

ملتان ( شاہد لودھی سے )ریلوے ملتان ڈویژن میں دو ماہ کے دوران چار ٹرین حادثات، کسی کی ذمہ داری کا تعین نہ ہوسکا، سرکاری انکوائری رپورٹس بھی جاری نہ ہوئیںمسافر اور مال بردار ٹرینیں پٹری سے اترنے کے واقعات میں اضافہ، غیر سرکاری ابتدائی رپورٹس گردش کرتی رہیں مگر کسی افسر یا اہلکار کو ذمہ دار قرار نہ دیا جاسکا تفصیل کے مطابق ریلوے ملتان ڈویژن میں ٹرین حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح نے مسافروں کے تحفظ اور ریلوے انتظامیہ کے حفاظتی انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈویژن میں چار بڑے ٹرین حادثات پیش آئے ، جن میں مسافر اور مال بردار ٹرینیں پٹری سے اترنے کا شکار ہوئیں، تاہم ان واقعات کی سرکاری انکوائری رپورٹس تاحال جاری نہیں کی گئیں مختلف حادثات کے بعد ابتدائی تحقیقات سے متعلق غیر سرکاری رپورٹس اور معلومات سامنے آتی رہیں، لیکن کسی بھی افسر یا اہلکار کو باضابطہ طور پر ذمہ دار قرار دینے اور محکمانہ کارروائی کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں ان حادثات میں13 اکتوبر کو شیر شاہ کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار ہوئی، جس میں متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں حادثے میں سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ابتدائی غیر سرکاری رپورٹ میں کوچ کے ایک حصے کے ریلوے کراسنگ سے ٹکرانے کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا تھا۔

تاہم سرکاری سطح پر حتمی انکوائری رپورٹ جاری کرکے ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا گیا اسی طرح نومبر کے آغاز میں رکن پور ریلوے اسٹیشن کے قریب کوئلہ لے جانے والی مال بردار ٹرین کے چار ویگن پٹری سے اتر گئے ، جس سے ریلوے ٹریک اور ٹرین آپریشن متاثر ہوا۔ اس واقعے کے بعد بھی تکنیکی خرابی سے متعلق ابتدائی معلومات سامنے آئیں، تاہم سرکاری انکوائری کے نتائج اور ذمہ داروں کے تعین سے متعلق کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں نومبر میں ہی شورکوٹ کے مقام پر ہزارہ ایکسپریس کی ایک اکانومی کلاس بوگی پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث ٹرین سروس متاثر ہوئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے کے بعد بھی تحقیقات اور ذمہ داری کے تعین سے متعلق سرکاری رپورٹ منظرعام پر نہیں آسکی جبکہ گزشتہ صبح 5 بج کر 25 منٹ پر فیروزہ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں تکنیکی خرابی کے باعث قلعہ ستار شاہ اپ مال بردار ٹرین کا انجن اور سات لوڈڈ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ریلوے ملتان ڈویژن میں مسلسل پیش آنے والے ان حادثات کے باوجود سرکاری انکوائری رپورٹس کی عدم اشاعت اور کسی ذمہ دار افسر یا اہلکار کے تعین نہ ہونے پر شہریوں اور ریلوے مسافروں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...