ٹینکر مافیا کیلئے خفیہ کنکشن ، سرکاری پانی مہنگا فروخت

ٹینکر مافیا کیلئے خفیہ کنکشن ، سرکاری پانی مہنگا فروخت

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) شہر میں ٹینکر مافیا ا نتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے موسمی شدت کے ساتھ ساتھ پانی کی بڑھتی ہوئی۔

 طلب کا بھرپور فائدہ اٹھانے میں مصروف ہے وہاں ارباب اختیار کی مجرمانہ چشم پوشی ،کمزور انتظامی ایڈمنسٹریشن سرکاری وسائل کے بے دریغ ضیاع کا سبب بنی ہوئی ہے ، ذرائع کے مطابق نہر لوئر جہلم کے اطراف کئی مقامات کے ساتھ ساتھ گل والا، سیٹلائٹ ٹاؤن، استقلال آباد ، محمدی کالونی کی واٹر سپلائی کے اطراف ٹینکر مافیا کیلئے الگ سے خفیہ کنکشن دیئے گئے ہیں جہاں سے مافیا کے لوگ اپنی موٹریں لگا کر پانی بھرتے اور علاقوں میں فروخت کر رہے ہیں جبکہ بیشتر علاقوں میں عام شہریوں کیلئے واٹر سپلائی لائنوں کے ساتھ ساتھ فلٹریشن پلانٹس کو دانستہ طور پر خراب کر کے پانی کی فراہمی بند پڑی ہے ،پرائیویٹ اشخاص نے منظم طریقہ سے محکمہ انہار، میٹرو پولیٹن کارپوریشن سرگودھا کے افسران و ملازمین کی ملی بھگت سے سرکاری پانی مہنگے داموں فروخت کر نے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ،کئی جگہوں پر ٹینکر مافیا کے افراد نے بذریعہ بجلی واٹر پمپ چلا رکھے ہیں باعث تشویش امر یہ ہے کہ ڈویژنل و ضلعی حکام کو بھی خفیہ اور اعلانیہ رپورٹس میں اس امر کی واضح نشاندہی کی جا چکی ہے کہ محکمہ اریگیشن اور کارپوریشن کے اہلکاران کی ملی بھگت سے سرکاری جگہوں پر قبضہ اور بذریعہ ہائیڈرینٹس / واٹر پمپس پانی کی ناجائز نکاسی ہو رہی ہے ، لیکن تا حال کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ کی گئی ہے۔ ، شہریوں کا کہنا ہے کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن سرگودھا کی ذمہ داری ہے کہ جن علاقوں میں میٹھا پانی نہ ہے ، وہاں تک واٹر سپلائی کا قیام کیا جائے مگر پانی مافیا اس ناجائز کاروبار کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں واٹر سپلائی کا قیام نہیں ہونے دے رہا اور فلٹریشن پلانٹس کی بدحالی میں بھی مافیا کا ہاتھ ہے ،ارباب اختیار اس معاملہ میں ملوث پرائیویٹ اشخاص و سرکاری ملازمین کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں