سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث کالونیوں میں اندھیرے
دھند کے موسم میں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے سے حادثات کے خطرات بڑھ گئے
بھلوال (نمائندہ دنیا)بھلوال شہر سے ملحقہ کثیر آبادی پر مشتمل رہائشی کالونیاں شام ہوتے ہی اندھیرے میں ڈوب جاتی ہیں۔ سٹریٹ لائٹس کا نظام غیر فعال ہونے کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ان رہائشی علاقوں میں طویل عرصے سے سٹریٹ لائٹس بند پڑی ہیں جس کے باعث رات کے وقت گلیاں مکمل طور پر تاریکی میں ڈوب جاتی ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا مقامی ٹی ایم اے اور متعلقہ حکام کو درخواستیں دی گئیں مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔مقامی رہائشیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے سرد اور دھند کے موسم میں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث حادثات اور جرائم کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ کالونیوں کے مکینوں نے اسسٹنٹ کمشنر بھلوال اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بھلوال سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے سٹریٹ لائٹس بحال کی جائیں تاکہ شہری کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔