چوک دروازہ چکوالا اور دروازہ لالو والا میں آپریشن کلین اپ
سرکاری سائن بورڈ غائب کر کے ڈرین پر پختہ تعمیرات کر لی گئی ہیں،شہری ڈرین کے اوپر قائم تمام پختہ تجاوزات ختم کرائی جائیں ،انتظامیہ سے مطالبہ
بھیرہ(نامہ نگار )اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ عشنہ طاہر کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خلاف متحرک ہو گئی ہے ۔ ان کی نگرانی میں پیرا فورس کے تنزیل الرحمن، چیف آفیسر بلدیہ حافظ نعمان اشرف اور ویسٹ مینجمنٹ کے میاں متین یسین نے اپنے عملے کے ہمراہ چوک دروازہ چکوالا اور دروازہ لالو والا کے علاقوں میں آپریشن کلین اپ شروع کر دیا ہے ۔مقامی شہریوں اختر علی، غلام یسین، مظہر علی، محمد خان اور محمد رفیق نے بتایا کہ قبضہ مافیا نے چوک دروازہ چکوالا میں نصب سرکاری سائن بورڈ غائب کر دیے ہیں، جبکہ گندے پانی کی نکاسی کے لیے چوک دروازہ چکوالا اور پھلروان روڈ سے گزرنے والی ڈرین پر پختہ تعمیرات کر لی گئی ہیں۔ ان پختہ تجاوزات کے باعث ڈرین کی صفائی ممکن نہیں رہی جس سے گندے پانی کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرین کے اوپر قائم تمام پختہ تجاوزات فوری طور پر ختم کرائی جائیں تاکہ نکاسیٔ آب کا نظام بحال ہو سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے ۔