عظمیٰ کاردار نے چیک پوسٹ پرپختون بچوں کو قطرے پلائے

 عظمیٰ کاردار نے چیک پوسٹ پرپختون بچوں کو قطرے پلائے

کے پی سے پنجاب داخل ہونے والے بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین دی گئی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو کا مختلف پوائنٹس کا دورہ،کلینک آن وہیلز کا معائنہ

بھکر( ڈسٹرکٹ رپورٹر) فوکل پرسن وزیر اعلیٰ پنجاب برائے انسداد پولیو عظمیٰ کاردار نے انٹر پراونشل ٹرانزٹ پوائنٹ داجل چیک پوسٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔دورے کے دوران فوکل پرسن نے خیبر پختونخوا سے آنے والی فیملیز کے ہمراہ موجود پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے ۔ایسے بچے جو کے پی کے میں پولیو ویکسین کے قطرے نہیں پی سکے تھے انہیں پنجاب میں داخل ہوتے ہی حفاظتی ویکسین فراہم کی گئی۔

فوکل پرسن نے ہدایت کی کہ بین الصوبائی ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ویکسینیشن کا یہ عمل مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسی نیشن سے محروم نہ رہے ۔ عظمیٰ کاردار نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ویکسین لازمی پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن پولیو فری پنجاب کے تحت پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر نہایت محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہیں اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔قبل ازیں فوکل پرسن نے شہر میں قصر زینب روڈ، سردار بخش روڈ اور دریاخان موڑ پر قائم پولیو ویکسینیشن کے ٹرانزٹ پوائنٹس کا بھی دورہ کیا ، مریم نواز کلینک آن وہیلز ٹیم ون کا بھی جائزہ لیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں