بھارت میں خاتون کا نقاب اتارنے پر خوشاب میں مظاہرہ
عالمی برادری کو بہار کے وزیراعلیٰ کے شرمناک فعل کا نوٹس لینا چاہیے ،مقررین
خوشاب (نمائندہ دنیا) سول سوسائٹی کے زیرِ اہتمام سرور شہید چوک میں بھارت کے صوبہ بہار میں ایک مسلم خاتون کی بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مرکزی انجمن تاجران جوہر آباد کے عہدیداران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے وزیراعلیٰ بہار کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر تاجر راہنما عبدالستار طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناانصافیوں کا سلسلہ مسلسل بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہار کے وزیراعلیٰ کی جانب سے ایک مسلم خاتون کے چہرے سے حجاب اتارنے کا واقعہ بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرتا ہے ۔ اب پاکستان سمیت پوری عالمی برادری کو اس شرمناک فعل کا نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا کھلا ثبوت ہے اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو اب خاموشی توڑنا ہوگی۔