انسداد پولیو مہم : کارکردگی اور اہداف کے حصول کا جائزہ اجلاس

انسداد پولیو مہم : کارکردگی اور اہداف کے حصول کا جائزہ اجلاس

ضلع بھر سے 2 ہزار 230 زیرو ڈوز کیسز رپورٹ ،ٹیمیں متحرک:بریفنگ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری چار روزہ انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی اور اہداف کے حصول کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سائرہ صفدر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد گل، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے دوسرے روز ضلع بھر میں 2 لاکھ 17 ہزار 483 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جو یومیہ ہدف کا 93 فیصد بنتا ہے۔

جبکہ مہم کے پہلے دو دنوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 45 ہزار 677 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں جو مجموعی ہدف کا 94 فیصد ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ مہم کے پہلے دو دنوں میں ضلع بھر سے 2 ہزار 230 زیرو ڈوز کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان بچوں کو فوری طور پر فالو اپ میں شامل کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ بچوں، NA کیسز اور زیرو ڈوز بچوں کی کوریج پر خصوصی توجہ دی جائے اور فیلڈ ٹیمیں ہر صورت گھر گھر رسائی یقینی بنائیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ سخت کرنے اور نتائج رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو فری سرگودھا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں