کمشنر کا تاریخی جامعہ مسجد، قدیم دروازوں کا تفصیلی دورہ
صاحبزادہ ابرار احمد بگوی اور محکمہ آثارِ قدیمہ نے میٹریل ، کام پر بریفنگ دی تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں ، جہانزیب اعوان کی ہدایت
بھیرہ(نامہ نگار)شیر شاہ سوری کے دور میں تعمیر ہونے والی تاریخی جامع مسجد بگویہ بھیرہ اور شہر کے قدیم دروازوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کی زیر نگرانی جاری ترقیاتی و مرمتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ان تاریخی مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ عشنہ طاہر بھی موجود تھیں متولی جامع مسجد بگویہ صاحبزادہ ابرار احمد بگوی اور محکمہ آثارِ قدیمہ کی ٹیکنیکل ٹیم نے کمشنر کو بحالی کے جاری منصوبوں، استعمال ہونے والے مٹیریل اور کام کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
کمشنر نے جامع مسجد بگویہ کے علاوہ دروازہ گنج منڈی، دروازہ چٹی پل اور تاریخی ریلوے اسٹیشن بھیرہ کا بھی معائنہ کیا اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کے ساتھ ساتھ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا کہ تاریخی ورثے کی بحالی سے نہ صرف علاقے کی ثقافتی شناخت اجاگر ہوگی بلکہ بھیرہ شہر کو سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام حاصل ہوگا، جس سے مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام جلد ان تاریخی مقامات سے مستفید ہو سکیں۔