تجاوزات کیخلاف آپریشن میں کرپشن ،ریڑھی بان سراپا احتجاج
تجاوزات کیخلاف آپریشن میں کرپشن ،ریڑھی بان سراپا احتجاج ملازمین کی من مانیوں کے خلاف ریڑھی بانوں کے کارپوریشن آفس کے نعرے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا کی زیر نگرانی شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کلین اپ مبینہ کرپشن اور اقربا پروری کے باعث متنازعہ صورتحال اختیار کرنے لگا،اور تجاوزات ہٹانے پر مامور نچلے درجے کے ملازمین کی من مانیوں کے باعث غریب دوکاندار بالخصوص ریڑھی بان سراپا احتجاج بن کر رہ گیا ہے ،ذرائع کے مطابق انکروچمنٹ شعبہ میں انتظامیہ کی جانب سے سینیٹری ورکرز کو خصوصی اختیارات دے رکھے ہیں جنہوں نے آپریشن کلین اپ کے دوران اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے ، بااثر دوکانداروں کو عملے کی جانب سے مکمل تحفظ حاصل ہے جس کے باعث ان کے خلاف ایکشن کے حوالے سے افسران بالا کے اعلانات اور دعوؤں پر عملدرآمد نہیں سکا، جبکہ جن بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے وہاں زیادہ تر چھوٹے دوکاندار نشانہ بن رہے ہیں، انکروچمنٹ سکواڈ میں زیادہ تردیگر شعبوں سے بلائے گئے نچلے کیڈر ز کے ملازمین نے حالیہ ایک ماہ میں سینکڑوں ریڑھیا ں پکڑ ی جنہیں کارپوریشن احاطہ میں لاکر توڑ کر کباڑ بنا دیا گیا، جس پر گزشتہ روز سینکڑوں ریڑھی بانوں نے کارپوریشن آفس کے باہر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ۔
شرکاء نے کتبے اٹھا رکھے تھے ، ا ن کا کہنا تھا کہ ہم نے پائی پائی جوڑ کر ریڑھی بنائی، مگر کارپوریشن ملازمین نے تمام ریڑھیاں توڑ کر اب لکڑیاں فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ،نچلے ملازمین اپنے افسران بالا کی غلط رہنمائی کرتے ہیں جس کی وجہ سے خوار ہو کر رہ گئے ہیں دوقت کی روٹی کے اسباب بھی چھین لئے گئے ، اور کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ، بھاری جرمانے لے کر رسیدیں بھی نہیں دی جاتیں،سامان قبضہ میں لے کر الگ سے پیسے وصول کر کے واپس کیا جا رہا ہے ، آپریشن کلین صرف اور صرف ریٹ بڑھانے کا ذریعہ بنا ہوا ہے ، انہوں نے وزیر اعلی مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملہ کا نوٹس لے کر کرپٹ افسران و ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔