کمشنر کا چلڈرن ہسپتال جھنگ روڈ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ
کمشنر کا چلڈرن ہسپتال جھنگ روڈ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ ہسپتال کے وارڈز، برآمدوں،دیگر حصوں کی باقاعدہ واشنگ جاری رکھنے کا حکم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی انسپکشن کا عمل بلا تعطل جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں انہوں نے چلڈرن ہسپتال جھنگ روڈ کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں زیرِ علاج بچوں کی عیادت کی جبکہ والدین سے ادویات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔کمشنر نے ہسپتال کے مختلف حصوں میں والدین کے بیٹھنے کے مناسب انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے ہسپتال کے وارڈز، برآمدوں اور دیگر حصوں کی باقاعدہ واشنگ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔راجہ جہانگیر انور نے واضح کیا کہ والدین کو ادویات نہ ملنے کی کوئی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں بیڈز کی تعداد، ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر وسائل کی فراہمی کے لیے حکومتِ پنجاب کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔