ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال:مریضوں کی سہولیات کیلئے اقدامات
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سہیل خواجہ نے ہسپتال کی ایمرجنسی اور مختلف وارڈز کا وزٹ کیا اور مریضوں سے ملاقات کر کے علاج معالجے ، سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
ڈاکٹر سہیل خواجہ نے عملہ صفائی سے بھی ملاقات کی اور ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے حوالے سے کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے ، ادویات کی فراہمی اور صفائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور مریضوں کو موجود سہولیات پر مکمل حق حاصل ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے واضح کیا کہ کمشنر سرگودھا کے وزٹ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شیری گل کے ساتھ ہونے والی گفتگو مکمل طور پر مثبت اور خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس کا مقصد نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے اٹھائے گئے ملبے کو مناسب جگہ پر ڈمپ کرنے کے انتظامات تھا۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو کسی قسم کی تلخ کلامی ہوئی، نہ سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اور نہ ہی کسی جارحانہ رویے کا مظاہرہ کیا گیا۔ڈاکٹر سہیل خواجہ نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں اور کسی بھی افواہ پر یقین نہ کیا جائے ، کیونکہ ہسپتال انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ باہمی تعاون اور احترام کے ساتھ عوامی مفاد میں فرائض سرانجام دے رہی ہے۔