سرگودھا میں نئی بلدیاتی حدبندیاں جاری میونسپل کاپوریشن ختم2 ٹائون کارپوریشنیں قائم
ٹاؤن کارپوریشنوں کی حدود میں چوک دھریمہ، ماڑی مٹھہ، لک اور دیگر تین درجن سے زائد علاقے شامل کیے گئے ، میونسپل کمیٹیوں کی تعداد بڑھا کر 10 کر دی گئی، 237 یونین کونسلیں تشکیل دی گئی ہیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے بلدیاتی اداروں کی نئی حدبندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نئی حدبندیوں کے تحت ضلع سرگودھا میں میونسپل کارپوریشن ختم کر کے دو ٹاؤن کارپوریشنیں قائم کر دی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاؤن کارپوریشنوں کی حدود میں چوک دھریمہ، ماڑی مٹھہ، لک اور دیگر تین درجن سے زائد علاقے شامل کیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں میونسپل کمیٹیوں کی تعداد بڑھا کر 10 کر دی گئی ہے ، جبکہ 7 تحصیل کونسلیں اور مجموعی طور پر 237یونین کونسلیں تشکیل دی گئی ہیں۔
دستاویز کے مطابق ٹاؤن کارپوریشن ون 20 یونین کونسلوں پر مشتمل ہوگی جس کی آبادی 4 لاکھ 48 ہزار 649 نفوس ہے ، جبکہ ٹاؤن کارپوریشن ٹو 22 یونین کونسلوں پر مشتمل ہوگی اور اس کی آبادی 4 لاکھ 33 ہزار 637 بتائی گئی ہے ۔نئی تشکیل پانے والی میونسپل کمیٹیوں میں بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، ساہیوال، کوٹ مومن، جھاوریاں، فروکہ، میانی، شاہپور صدر اور بھاگٹانوالہ شامل ہیں۔ اسی طرح تحصیل کونسلیں سرگودھا، بھلوال، بھیرہ، کوٹ مومن، سلانوالی، ساہیوال اور شاہپور میں قائم کی جائیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق سب سے بڑی میونسپل کمیٹی بھلوال جبکہ سب سے چھوٹی میونسپل کمیٹی میانی قرار دی گئی ہے ۔