طالب کالونی کے رہائشی انتہائی کسمپرسی کا شکار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث طالب کالونی کے رہائشی انتہائی کسمپرسی کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں ’ شہر کی نواحی بستی طالب کالونی مسائل کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے ’ کالونی کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کا ہے۔
گٹر سسٹم نہ ہونے سے اکثر پانی گلیوں اور گھروں کے آگے کھڑا رہتا ہے ۔ جس سے لوگوں کو آنے جانے میں دقت کا سامنا ہے ۔ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر فضا کو آلودہ کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ عملہ صفائی کبھی کبھار علاقے کا رخ کرتا ہے اور پیسے لیے بغیر صفائی نہیں کرتے کالونی کی گلیاں کچی ہونے کی وجہ سے بارش کے دنوں میں جوہڑ کی شکل اختیار کر جاتی ہیں۔ زیر زمین کڑوا پانی ہونے کی وجہ سے لوگ دور دراز سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ اہل علاقہ نے کمشنر سے دادرسی کا مطالبہ کیا ہے ۔