مادہ جانور ذبحہ کرنے پر پابندی قصابوں نے ہوا میں اڑا دی
زیادہ تر قصاب جانور اپنے گھروں اور نجی سلاٹر ہاؤسز میں ذبحہ کر رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مادہ جانوروں کو ذبحہ کرنے پر عائد پابندی کے حکومتی احکامات قصابوں نے ہوا میں اڑا دیئے ، انتظامیہ کارروائی کرنے سے گریزاں، حکومت نے حلال جانوروں کی افزائش کم ہونے پر مادہ جانوروں کے ذبحہ کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انتظامیہ کو سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی تھی، افسران کی عدم توجہی کے باعث سرگودھا سمیت ڈویژن بھر میں متعدد قصاب مادہ جانوروں کو تا حال ذبحہ کرنے میں لگے ہوئے ہیں، جس سے حلال جانوروں کی افزائش میں کمی ہو رہی ہے ، زیادہ تر قصاب کارروائی کے خوف سے مادہ جانور اپنے گھروں اور نجی سلاٹر ہاؤسز میں ذبحہ کر رہے ہیں، محکمہ لائیو سٹاک کا کہنا ہے کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے ، پھر بھی بعض قصاب چوری چھپے مادہ جانور بھی ذبحہ کر لیتے ہیں، علم ہونے پر ان قصابوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ۔