جرائم پیشہ عناصر کیخلاف مہم ،جرائم کی شرح میں کمی ریکارڈ
قتل کے واقعات میں 34 فیصد ، رابری کی وارداتوں میں 52 فیصد کمی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی زیرِ قیادت سرگودھا پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے ۔ موثر کارروائیوں اور جدید پولیسنگ کے نتیجے میں ضلع بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں حد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، جو کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی ہے ۔ڈی پی او محمد صہیب اشرف کی وضع کردہ خصوصی حکمت عملی کی بدولت مختلف سنگین جرائم میں گزشتہ سال کے اسی دورانیہ کی نسبت قتل کے واقعات میں 34 فیصد کمی، رابری کی وارداتوں میں 52 فیصد کمی، نقب زنی کی وارداتوں میں 25 فیصد کمی، موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں 55 فیصد کمی اور مویشی چوری کی وارداتوں 33 فیصد کمی عمل میں لائی گئی ہے ، جرائم کی شرح میں یہ نمایاں کمی سرگودھا پولیس کی دن رات کی محنت، فیلڈ فورس کی بروقت متحرک موجودگی اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ڈی پی او سرگودھا نے چارج سنبھالتے ہی ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی، پیٹرولنگ نظام کی بہتری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو ترجیح دی تھی۔