قومی سلامتی سے وابستہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہم سب ایک پیج پر ہیں، ڈپٹی کمشنر
بھکر( ڈسٹرکٹ رپورٹر )ملکی صورتحال اور قومی سلامتی سے وابستہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بطور پاکستانی ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی زیر صدارت منعقدہ ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان اور اے ڈی سی جی ڈاکٹر ارشد وٹو بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر رانا آفتاب احمد، صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف،صاحبزادہ منصور سلطان، مولانا قلب محمد علی شہانی اور اقلیتی برادری سے پادری مرقس مسیح نے شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ قومی سلامتی اور وقار کیلئے ہم سب متحد ہیں۔ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارہ اور باہمی احترام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔