ہماری پولیس کا رویہ انتہائی ہتک آمیز ہوتا ،راؤ طاہر مشرف
بھلوال(نمائندہ دنیا) سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی راؤ طاہر مشرف نے کہا ہے کہ وردیاں بدلنے سے رویے نہیں بدلتے وردیاں بدلنے سے پہلے پولیس کے رویے تبدیل کیے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے اور عوام پولیس کو لوٹنے والوں کی بجائے اپنا محافظ تصور کرے جب تک عوام میں محافظ کا حقیقی تصور ذہن میں نہیں لایا جائے گا۔
اس وقت تک وردیاں تبدیل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں اصل بات رویوں کی ہے لوگ سب کچھ بھول جاتے ہیں مگر رویہ نہیں بھولتے جبکہ ہماری پولیس کا رویہ انتہائی ہتک آمیز ہوتا ہے اور یہ خادم کی بجائے خود کو حاکم سمجھنے لگتے ہیں جس کی وجہ سے خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ اب وارڈنز کی وردیوں کی تبدیلی پر پانچ ہزار روپے فی ملازم خرچہ آ رہا ہے جو قوم سے وصول کیا جائے گا۔