زرعی یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

 زرعی یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

زرعی یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجڈیلی ویجیز ملازمین کو فوری تنخواہیں ادا کی جائیں : رہنما پیپلز پارٹی اعجاز چودھری

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ موجودہ کمر توڑ مہنگائی کے دوران زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 375 ڈیلی ویجیز ملازمین کی فوری تنخواہیں ادا کی جائیں تاکہ وہ اپنے گھرانوں کی ضروریات پوری کر سکیں۔محمد اعجاز چودھری نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے ملازمین کے حقوق کی پامالی اور ان کے ساتھ سوتیلی ماں سے بھی بدتر سلوک ایک بڑی ناانصافی ہے ۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹوک اور فوٹو سیشن کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔ضلعی صدر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اعلیٰ کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے کہ پنجاب کی تعلیمی درس گاہوں میں ایڈہاک ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنا ایک سنگین مسئلہ ہے جبکہ 11 ارب روپے کا لگژری جہاز خریدنے جیسے فیصلے کئے گئے ہیں۔انہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر زرعی یونیورسٹی سمیت پنجاب بھر کے دیگر تعلیمی اداروں کے ایڈہاک ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور قائد عوام شہید بھٹو و بے نظیر بھٹو کے عوامی مشن کے مطابق غریب عوام کے مسائل حل کریں۔محمد اعجاز چودھری نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ظلم اور معاشی استحصال کے خلاف مکمل احتجاج کے لیے تیار ہے اور حکومت سے فوری اقدام کا مطالبہ کرتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں