انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز میں خواتین کے دن پر سیمینار
انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز میں خواتین کے دن پر سیمینارخواتین کو بااختیار بنانا صرف گھریلو خدمات کو تسلیم کرنے تک محدود نہیں: ڈاکٹر عمران
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقررین نے خواتین کو بااختیار بنانے ، معاشرتی ہم آہنگی اور قومی ترقی میں ان کے کردار پر زور دیا۔ڈین فیکلٹی آف فوڈ، نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمران پاشا نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف گھریلو خدمات کو تسلیم کرنے تک محدود نہیں بلکہ انہیں معاشی اور سماجی میدانوں میں مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین سائنس، تعلیم، ٹیکنالوجی اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز ڈاکٹر بینش اسرار نے کہا کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے زرعی یونیورسٹی میں نوجوان خواتین میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر محمد عاطف رندھاوا نے تعلیمی اداروں اور کام کی جگہوں پر خواتین کے لیے محفوظ اور باعزت ماحول کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور صنفی مساوات کو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بنیادی قرار دیا۔رکن صوبائی اسمبلی پنجاب عظمیٰ جبیں رانا نے تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور پالیسی معاونت کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔گائناکالوجسٹ ڈاکٹر نعیمہ منصور نے خواتین کی صحت اور فلاح و بہبود کی اہمیت پر بات کی اور تولیدی صحت، غذائیت اور ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی کی ضرورت اجاگر کی۔