معاشی حالات کے باوجود خواتین کردار اداکررہی ،سمیرا ملک
معاشی حالات کے باوجود خواتین کردار اداکررہی ،سمیرا ملک کلاس رومز سے لے کر کچن اور ہسپتالوں تک خواتین کام ضروری ، میڈیا سے گفتگو
خوشاب(نمائندہ دنیا)سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں مخدوش سیاسی و معاشی حالات کے باوجود خواتین مختلف شعبوں میں رہتے ہوئے اپنا بھر پور معاشرتی و سماجی کردار ادا کر رہی ہیں ۔بد قسمتی سے ہمارے معاشرے میں خواتین کو صنفی و معاشی تفریق کی لپیٹ میں بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ، عالمی یوم خواتین کے حوالے سے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح سے لے کر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز تک خواتین نے معاشرے کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر کے ثابت کیا کہ خواتین معاشرے کی معمار،اور گھروں کا ستون ہیں اور قومی مستقبل کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ میدانوں سے لے کر فرنٹ لائنز تک، کلاس رومز سے لے کر گھر کے کچن تک ، کورٹ رومزسے لے کر ہسپتالوں تک خواتین قوم کے روشن مستقبل کو سنوار سکتی ہیں ، لیکن عالمی درجہ بندی کے حوالے سے صنفی مساوات کی فہرست میں 146 ممالک میں پاکستان کا نمبر کوئی حوصلہ افزاء نہیں آزادی اظہار رائے اور خواتین کے حقوقِ کے حوالے سے آج بھی ہم بہت پیچھے ہیں اور ملک کی نصف آبادی کو سہولیات کی فراہمی اور انکے حقوق پر ریاست کو کام کرنے کی ضرورت ہے ۔