حکومت پٹرول بڑھانے جیسے فیصلے خوشی سے نہیں کرتی ‘محسن رانجھا
حکومت پٹرول بڑھانے جیسے فیصلے خوشی سے نہیں کرتی ‘محسن رانجھا موجودہ حالات میں سیاسی اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے قومی یکجہتی کی ضرورت
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے اثرات پاکستان سمیت ان ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں جو توانائی کے لیے بیرونی منڈیوں پر انحصار کرتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ یقیناً عوام کے لیے تکلیف دہ ہوتا ہے اور حکومت اس صورتحال کو بخوبی محسوس کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت ایسے فیصلے خوشی سے نہیں کرتی تاہم بعض اوقات قومی معیشت کو مستحکم رکھنے اور ملک کو بڑے معاشی بحران سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنا ناگزیر ہو جاتے ہیں۔بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ جب ملک کو چیلنجز درپیش ہوں تو اتحاد، صبر اور باہمی تعاون ہی قوم کی اصل طاقت ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی حالات کو بہتر بنایا جائے اور قوم کو اس مشکل مرحلے سے نکالا جائے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، کفایت شعاری اختیار کریں اور ایک مضبوط قوم کی طرح اس آزمائش کا مقابلہ کریں کیونکہ مشکل وقت ہمیشہ مستقل نہیں رہتا بلکہ مضبوط قومیں اپنے حوصلے اور اتحاد سے تاریخ بدل دیتی ہیں۔