نگہبان رمضان بازاروں افسران کی عدم دلچسپی ناقص اشیا فروخت

نگہبان رمضان بازاروں افسران کی عدم دلچسپی ناقص اشیا فروخت

رمضان کے پہلے عشرہ میں صوبائی حکام اور اعلی افسران کے دورے زوروں پر رہے ،دوسرے عشرے میں کم ہوتے جا رہے ہیں، محکمے بھی ڈھیلے پڑ گئےبعض اشیاء خوردونوش کھلی مارکیٹ کی نسبت مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، سختی سے ایکشن لیا جائے گا،انتظامیہ کا دعوی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )موجودہ ملکی اور بین الاقوامی صورتحال کے باعث نگہبان رمضان بازار وں اور فیئر پرائس شاپس میں ضلعی افسران کی عدم دلچسپی کے ساتھ ساتھ ناقص اشیاء کی فروخت باعث تشویش بننے لگی ہے ،ذرائع کے مطابق رمضان المبارک کے حوالے سے قائم کئے گئے ان بازاروں ،فیئر پرائس شاپس میں مبینہ سا ز باز سے درجہ اول کی اشیاء سامنے رکھ کر من مانے نرخوں کی وصولی کے علاوہ درجہ دوم اور درجہ سوم کی اشیاء بھی درجہ اول کے نرخوں پر فروخت کرنا معمول بنتا جا رہا ہے ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ رمضان کے پہلے عشرہ میں صوبائی حکام اور اعلی افسران کے دورے زوروں پر رہے اور اب دوسرے عشرے میں آہستہ آہستہ کم ہوتے جا رہے ہیں،

جس کے بعد محکمے بھی ڈھیلے پڑ گئے ہیں جبکہ ڈویژنل و ضلعی افسران ایکا دکا دورہ کر کے سرکاری ریکار ڈ کا پیٹ بھرنے میں مصروف ہیں جیسے ہی ضلعی انتظامیہ میں سے کوئی افسر راؤنڈ پر آتا ہے تو درجہ اول کی اشیاء سامنے رکھتے ہوئے درجہ دوم اور سوم کی وہ اشیاء جو کچھ دیر پہلے بڑے دھڑلے سے فروخت کی جارہی تھی وہ چھپادی جاتی ہیں، بازار میں موجو د عملہ اس سلسلہ میں زیادہ توجہ دینے کو تیار نظر نہیں آتا یہی وجہ ہے دکانداروں کو ان سے کوئی خوف محسوس نہیں ہوتا، جبکہ ایف آئی ٹی بی کی مانیٹرنگ رپورٹ میں اس امر کی نشاندہی واضح طور پر کی گئی کہ بعض اشیاء خوردونوش کھلی مارکیٹ کی نسبت مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، جبکہ انتظامیہ کے مطابق کامرس ،انڈسٹری اینڈ انویسٹمنٹ کے سیکشن آفیسر انفورسمنٹ نے متعلقہ افسران کو سستے بازاروں کے اچانک دورے بالخصوص پھل یا سبزی کے سٹالوں پر بوریوں اور کریٹوں میں بند مال کا جائزہ لینے کا ٹاسک دیدیا ہے جس کے بعد سختی سے ایکشن لیا جائے گا،اوررمضان بازاروں میں ناقص اشیاء کی فروخت کے حوالہ سے عوامی شکایات کایقینی خاتمہ بھی ممکن بنایا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں