بھیرہ :امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیرِ انتظام احتجاجی ریلی
بھیرہ :امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیرِ انتظام احتجاجی ریلی فلسطین کا مسئلہ کسی ایک مسلک کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مسئلہ ہے ، مقررین
بھیرہ(نامہ نگار )یومِ القدس کے سلسلہ میں مرکزی امام بارگاہ بھیرہ سے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیرِ انتظام ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی مرکزی امام بارگاہ سے شروع ہو کر مین بازار سے گزرتی ہوئی چوک دروازہ چکوالا پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں سابق کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر سید بنیاد حسین بخاری، سابق ڈپٹی ناظم حاجی شیخ شوکت علی صراف، مجلس حزب الانصار کے نائب امیر صاحبزادہ آصف ابرار بگوی سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل اور اس کے حامیوں کے خلاف نعرے بازی کی ریلی سے خطاب کرتے ہے مولانا محبوب حسین، مولانا قمر نقوی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ کسی ایک مسلک کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو متحد ہو کر صیہونی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حملوں اور رہبرِ معظم سمیت دیگر شخصیات کی شہادتوں کے باوجود ایرانی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ عالمِ اسلام میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے ، لہٰذا مسلمانوں کا فرض ہے کہ باہمی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے اسلامی تعلیمات پر عمل کریں اور امریکہ و اس کے حواریوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں۔