شاہپور ساہیوال روڈ شیخانوالہ کے قریب ایک شخص کی لاش برآمد
شاہ پورصدر (نامہ نگار ) شاہپور ساہیوال روڈ شیخانوالہ کے قریب ایک شخص کی لاش دیکھ کر شہریوں نے پولیس اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جس پر پولیس تھانہ شاہ پورصدر اور ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ۔
نعش کے بارے میں قرب جوار میں معلومات حاصل کیں مگر نعش کا کوئی وارث سامنے نہیں آیا ، ریسکیو کے عملہ نے نعش کو تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال شاہپور صدر منتقل کردیا ، میڈیکل عملے نے معائنے کے بعد بتایا کہ نعش کی موت قدرتی طور پر ہوئی ہے ، عمر تقریباً ستر تا پچہتر سال ہے اور دماغی طور پر مفلوج دکھائی دیتا تھا ۔ متوفی کی نعش تاحال تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال شاہپور صدر میں بطور امانت رکھی گئی ہے ۔