سیکٹر آئی الیون میں 31ایکڑ اراضی پر نیشنل بس ٹرمینل بنے گا
100بسوں سے زائد بس بیز ،کمرشل ایریاز، پٹرول پمپس اور بسوں کی پارکنگ شامل
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر علی رندھاوا کی زیر صدارت I-11/4 میں نیشنل بس ٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس ہوا ، متعلقہ افسران نے منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر I-11/4 میں 31 ایکڑ اراضی پر نیشنل بس ٹرمینل کا منصوبہ تعمیر کیا جائیگا۔ اجلاس میں نیشنل بس ٹرمینل منصوبے کا مجوزہ سائٹ پلان اور ٹریفک مینجمنٹ پلان پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس بس ٹرمینل میں 100 بسوں سے زائد بس بیز کی گنجائش ہوگی اور اس ٹرمینل میں کمرشل ایریاز، پٹرول پمپس اور بسوں کی پارکنگ شامل ہوگی۔ ٹرمینل کو مستقبل میں 11th ایونیو سے منسلک کیا جائیگا۔ چیئرمین سی ڈی اے و نے اس منصوبے کیلئے بہترین ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کیلئے آرکیٹیکٹس کے مابین اوپن کمپٹیشن کرایا جائے ۔