گندم کی ریکارڈ پیداوار متوقع، کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر
گندم کی ریکارڈ پیداوار متوقع، کپاس کی کاشت کا ہدف مقررپنجاب میں تقریباً 35 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی :سیکرٹری زراعت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت گندم اور کپاس سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، سید حسن رضا، ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، محکمہ زراعت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرلز عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں اور ڈاکٹر عامر رسول نے شرکت کی جبکہ دیگر افسران بذریعہ آن لائن شریک ہوئے ۔اجلاس میں فصلوں خصوصاً گندم اور کپاس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیلڈ رپورٹس کے مطابق گندم کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے ۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ حتمی سروے کے مطابق صوبہ پنجاب میں گندم کی 22 اعشاریہ 5 ملین میٹرک ٹن سے زائد پیداوار متوقع ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر گندم کی کٹائی، گہائی، ذخیرہ اور ترسیل کے حوالے سے کاشتکاروں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں تقریباً 35 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی ۔ بہاولپور ڈویژن کو کپاس کی وادی بنانے کے لیے تقریباً 2 ارب روپے کے منصوبے کا آغاز کیا جا چکا ہے ۔