تھیٹر سماج کی حقیقی تصویر، فن و ثقافت کا فروغ ترجیح ، وزیر اعلیٰ
اسٹیج ڈرامے عوامی شعور، برداشت اور رواداری کے فروغ کا موثر ذریعہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ،عالمی یومِ تھیٹر پر مراد علی شاہ کا پیغام
کراچی(اے پی پی)سندھ حکومت فن و ثقافت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ، تھیٹر سماج کی حقیقی تصویر پیش کرتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ تھیٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے پرفارمنگ آرٹس سے وابستہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ تھیٹر محض اداکاری نہیں بلکہ زندہ جاوید انسانی جذبات کی ترجمانی ہے ،سندھ دھرتی نے عظیم فنکار پیدا کیے اور تھیٹر کو نئی زندگی بخشی،ہم تھیٹر کے فن کو زندہ رکھنے اور نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ سندھ حکومت فنونِ لطیفہ کے فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ، ڈیجیٹل دور میں بھی لائیو تھیٹر کی اہمیت کم نہیں ہوئی،اسٹیج ڈراموں کے ذریعے برداشت اور رواداری کے پیغام کو عام کیا جا سکتا ہے۔
ا سٹیج فنکاروں نے عالمی سطح پر پاکستان اورسندھ کا نام روشن کیاہے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت فنکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کی سرپرستی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے ۔ تھیٹر عوامی شعور بیدار کرنے اور سماجی برائیوں کی نشاندہی کا موثر ذریعہ ہے ، سندھ کی ثقافت اور روایات کو اسٹیج کے ذریعے نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے ،ہم صوبے میں تھیٹر ہالز کی بحالی اور جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی یومِ تھیٹر اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ مکالمہ اور اداکاری امن اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔