ایل پی جی روزانہ مہنگی، صارفین کو مشکلات

ایل پی جی روزانہ مہنگی، صارفین کو مشکلات

سوئی ناردرن کی جانب سے گھریلو صارفین کو سپلائی محدود کرنے پر مانگ میں اضافہ ،قیمت 480 روپے تک پہنچ گئی ،متاثرین کا مہنگی بیچنے والوں کیخلاف کا رروا ئی کا مطالبہ

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ایل پی جی کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہونے لگا۔ ایل پی جی 260روپے کلو گرام سے بڑھ کر480روپے کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ،ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت یقینی بنانے میں ناکام جبکہ گھریلو صارفین اور رکشہ ڈرائیورز بھی مہنگی ایل پی جی کے باعث پریشان ہیں۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے گھریلو صارفین کو گیس کی سپلائی محدود کر دی گئی جس کے باعث ایل پی جی کی مانگ بڑھ گئی ،ایل پی جی ڈیلرز نے قیمت میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ۔روزانہ ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے خود ساختہ طور پر ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا جس کی وجہ سے کرایہ بڑھا دیا لیکن سواری رکشہ میں نہیں بیٹھ رہی ۔ گھریلو صارفین کا کہنا ہے کہ گیس شیڈول کے مطابق مل رہی لیکن پریشر کم ہوتا ہے ،ضلعی انتظامیہ مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں ایل پی جی مہنگی مل رہی ہے ایسی صورتحال رہی تو اس کی قیمت مزید بڑھ جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں