بااختیار شہری حکومت،مقامی پولیس کی تعیناتی ناگزیر، منعم ظفر
وزیراعظم پروٹوکول کے ساتھ شہرگھومتے رہے ،سانحہ گل پلازہ پر نہیں آئےپڑھو پڑھاؤمہم کا آغاز ، پرانی کتابیں جمع کر کے مستحق بچوں میں تقسیم کی جائینگی
کراچی(این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ وزیر اعظم کراچی آئے تو درجنوں گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ سڑکوں پر گھومتے رہے ، مگر گل پلازہ جیسے سانحے کے بعد کراچی آنے کی زحمت محسوس نہیں کی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ جب صوبائی اور وفاقی حکومتیں کراچی کیلئے کچھ نہیں کر رہیں تو شہر کو بااختیار شہری حکومت دی جانی چاہیے ۔ منعم ظفر نے کہا کہ ہیوی ٹریفک میں سینسر لگانے کے دعوے تو کیے گئے مگر آج تک کسی ڈمپر میں سینسر نصب نہیں کیے گئے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہیوی ٹریفک کیلئے متبادل راستے مقرر کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہادرآباد میں میڈیکل کالج کی طالبات کو لوٹا گیا۔
جماعت اسلامی نے کراچی میں مقامی پولیس کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے ۔صفائی کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید پر شہر میں جگہ جگہ کچرا موجود تھا۔ سالڈ ویسٹ بورڈ نے خود تسلیم کیا کہ 3 دن تک شہر سے کچرا نہیں اٹھایا گیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کراچی میں پڑھو پڑھاؤ مہم شروع کر رہی جس کے تحت والدین کو کتابیں فراہم کی جائیں گی،گھر گھر جا کر پرانی کتابیں جمع کر کے مستحق بچوں میں تقسیم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہر حکومت کا حصہ بن کر کراچی کے مفادات کا سودا کرتی رہی ہے اور چوک میں بیٹھ کر اپنی قیمت لگواتی ہے ۔